لاہور،ملتان،پشاور،سکھر،مردان (خصوصی نمائندہ، خصوصی رپورٹر،بیورو رپورٹ،نمائندہ92 نیوز،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اور خیبرپختونخوا میں12 ہزار کی امدادی رقوم میں3سو سے 7ہزار تک کی غیرقانونی کٹوتیوں پر16 ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملتان اور راجن پور میں مالی امداد کی تقسیم کے دوران بدنظمی کے واقعات کا نوٹس لے لیا جبکہ ملتان میں ایک خاتون کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہارکیا اور ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے دونوں واقعات کی انکوائری کا حکم دیدیا ۔گزشتہ روزوزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور طے شدہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے ۔عینی شاہدین کے مطابق قاسم پور کالونی ملتان کے ایم اے جناح سکول میں قائم احساس پروگرام سنٹر میں بھگدڑ سے رضا آباد کی رہائشی 70 سالہ نذیراں بی بی جاں بحق جبکہ 20 خواتین زخمی ہو گئیں۔ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہونے کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔پولیس کے مطابق خاتون ہارٹ اٹیک کے باعث جاں بحق ہوئی،کسی بھی قسم کی بھگدڑ یا دھکم پیل نہیں ہوئی۔ادھرخیبرپختونخوا میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں غیرمستحقین کے نام شامل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ دستاویزات کے مطابق بنوں میں اساتذہ نے اپنے رشتہ داروں کو جبکہ مردان میں عزیز واقارب کے علاوہ فوت شدہ افراد اور دکانداروں کو احساس پروگرام میں شامل کرلیا گیا۔ کورونا وائرس سے بچائو کے لاک ڈائون سے متاثرہ غریب مستحق افراد کے حق پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش سامنے آنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنے 6 اساتذہ کو معطل کردیا تاہم مردان میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت رجسٹریشن میں ہونیوالی بے ضابطگیوں پر تاحال کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی ۔تاہم مردان میں سادہ لوح خواتین کی امدادی رقم 12 ہزارمیں سے کمیشن کے نام پر300روپے کی کٹوتی کرنے پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دو اہلکار معاذ سکنہ محب بانڈہ اور جنید سکنہ طوروگرفتار کرلئے گئے جن کے قبضہ سے نقدرقم و خالی رسیدیں برآمدہوئیں۔ سکھر میں مبینہ مجرمانہ غفلت اور فہرست میں ہیر پھیرکے نتیجہ میں ہزاروں مستحقین کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کیلئے نا اہل اور صاحب حیثیت افراد کو اہل قرار دیدیا گیا جبکہ سندھ میں امداد کی تقسیم پر نظمی عروج پر رہی ۔ قمبر،میرپورخاص میں امداد میں غیرقانونی کٹوتیوں پر14 ملزموں کوگرفتار کرکے مقدمات کا اندراج کرلیا گیا۔خیرپور میں مستحقین نے الزام عائد کیا کہ ہزار روپے کٹوتی کی جارہی ہے ۔ ٹھری میر واہ میں مسحقین کو 12 ہزار کے بجائے 5000 ہزار روپے ملے ، خواتین کو ایجنٹ مافیا نے ٹھگ لیا، شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر نے سنٹر سیل کردیا۔