لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر نکتہ چینی کے ردعمل میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو اب ڈرائنگ روم کی خیالاتی سیاست سے باہر نکل کر عوامی سیاست کا آغاز کریں اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے عوام دوست فلاحی منصوبوں سیکچھ سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں اور معیشت کو کاٹنے والے آوارہ اور کرپٹ سیاستدانوں نے سندھ کا بیڑہ غرق کردیا ۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ 13 سال مسلسل پیپلز پارٹی کی حکومت کے باوجود تھرپارکر میں سینکڑوں بچے سسک سسک کر مر گئے ہیں۔ اگر یہی طرز حکومت رہا تو جلد سندھ بھی پیپلز پارٹی کے ہاتھوں سے نکل جائے گا۔ ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کی تنقید کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ دور میں دو دفعہ ڈیڈ لائنز گزرنے کے بعد بھی اورنج لائن مکمل نہ ہو سکی اور مقرر کردہ بجٹ بھی اپنی حد سے بڑھ گیا۔ اورنج لائن ٹرین نواز لیگ کا سوتیلا بچہ ہے جسے پی ٹی آئی نے سہارا دیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اگر مریم اورنگزیب کو قوم کا اتنا ہی درد ہے تو ن لیگ کی بھگوڑی قیادت کو لندن یاترا سے واپس بلائیں۔