کراچی (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبہ سندھ کے امن کو ہرصورت میں یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے وفاقی وزیرداخلہ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار گزشتہ روز کراچی میں ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) کا دورہ کیااور ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری سے ملاقات کی۔ رینجرز ہیڈکوارٹرز پہنچنے کے بعد وفا قی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) اعجاز احمد شاہ نے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور دعا کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کوپاکستان رینجرز(سندھ) کی آپریشنل تیاریوں،مشرقی سرحد، سندھ بھر اور باالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے بھر میں دہشت گردی اور دیگر جرائم کے تدارک کے لیے اقدامات اور امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کو سراہا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر)اعجاز شاہ نے ہیڈکواٹرز پاکستان کوسٹ گارڈز کابھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی۔وفاقی وزیر داخلہ کی آمد پر انہیں پاکستان کوسٹ گارڈز کے پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ادارے کی کوششوں خصوصاً انسداد منشیات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے پاکستان کوسٹ گارڈز کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔