کراچی (ایس ایم امین) پیپلزپارٹی کے مقابل سیاسی پیش بندی میں ناکامی، وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں تبدیلی اورسیاسی رابطوں کا ٹاسک جہانگیرترین کے حوالے کردیا۔ اس ضمن میں جہانگیرترین نے سندھ میں بااعتماد رفقا سے صلاح و مشورے کے بعد سیاسی رابطوں کا سلسلہ وسیع کردیا ہے ،وہ کاروباری دوستوں کے علاوہ سیاسی رفقا سے بھی سندھ میں تبدیلی اورتحریک انصاف کومتبادل سیاسی طاقت بنانے کے معاملے پرصلاح ومشورے کررہے ہیں۔گورنرسندھ عمران اسماعیل،فردوس شمیم نقوی،حلیم عادل شیخ ،خرم شیرزمان کی ناکامی کے بعد عمران خان نے جہانگیرترین کوفری ہینڈدینے کا فیصلہ کیا ہے ،طاقتورسیاسی خاندانوں کو پی ٹی آئی میں لانے کے لیے شاہ محمود قریشی بھی سندھ میں مطلوبہ نتائج نہ دے سکے ۔ تحریک انصاف سندھ میں دھڑے بندی کی وجہ سے مطلوبہ سیاسی نتائج نہ ملنے پر مرکزی قیادت نے سندھ کے تنظیمی سیٹ اپ میں تبدیلی کے لیے صلاح ومشورہ شروع کردیا۔ معتمد ترین ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سندھ کی موجودہ قیادت اوردھڑے بندی کی وجہ سے سندھ میں مطلوبہ سیاسی کامیابیاں نہ ملنے پرپارٹی کی مرکزی قیادت کوتشویش ہے ۔اس صورتحال میں عمران خان نے سندھ میں سیاسی پیش رفت کے لیے جہانگیرترین کواہم ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہاں سیاسی طاقت میں اضافے کے لیے قدآورسیاسی شخصیات کوتحریک انصاف سندھ میں لایا جاسکے ۔