کراچی (نمائندہ 92 نیوز) سندھ میں کرم نوازی کی انتہاء ہوگئی ،سابق صدر زرداری کے فرنٹ مین کے دوست کی کمپنی کو بیک وقت 7 ٹھیکے دیدیئے گئے ۔سابق صدر کے قریبی عزیز اور دست راست علی حسن زرداری کی ایماء پر خالد مسعود عرف پپو چنہ نے محکمہ انہار کے بدعنوان افسران کی ملی بھگت سے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے نہروں کی سی سی لائننگ اور پیچنگ کا کام ایک ہی کمپنی کو دیدیا، علی حسن زرداری کی آشیر واد سے 81 کروڑ کے سات کام بیک وقت ایک ہی کمپنی ایم سی بی اینڈ سنز کو دئیے گئے ہیں، جو ان کے فرنٹ مین خالد مسعود عرف پپو چنہ کی ذاتی ملکیت ہے ۔ دوسری طرف اس کمپنی نے غیر قانونی ٹھیکہ حاصل کرکے اس میں انتہائی ناقص میٹیریل استعمال کیا جارہا ہے اور منصوبوں کی نگرانی کرنے والے عملے اور افسران نے ناقص تعمیرات پر پراسرار خاموشی اختیا کر رکھی ہے ۔