کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے وزیراعظم سے مشترکہ مفادات کونسل اجلاس بلانے اورسندھ میں متبادل انرجی کے منصوبوں کی فوری منظوری کامطالبہ کردیاہے جبکہ5برس مدت ملازمت پوری نہ کرنے والے ججزکوپینشن کیلئے نااہل قراردیدیا ہے ،صوبائی کابینہ نے سندھ پولیس کو منشیات،سٹریٹ کرائم اورنشہ آوراشیاکے کاروبارمیں ملوث گروپوں اورسرکاری اداروں کے اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کاحکم دیاہے ۔کابینہ اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان اورصوبائی مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اجلاس میں امن وامان،امن ہیلتھ کیئرسروس کوگرانٹ دینا، سندھ انجرڈ پرسنس کمپلسری میڈیکل ٹریٹمینٹ(امل عمر)ایکٹ، سندھ انسٹیٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈری ہیبلیٹیشن ایکٹ، ڈرافٹ الٹرنیٹ اینڈ رینیوئیبل انرجیپالیسی اور دیگرامورپر تبادلہ خیال کیاگیا، سندھ کابینہ نے احکام دیئے اکہ انڈسٹری ہویاگھرنشے کی لعنت کوجڑسے ختم کیاجائے ۔بیرسٹرمرتضی وہاب نے مزیدبتایاکہ کابینہ نے امن کوجون2020ئتک ایمبولینس سروس چلانے کی منظوری بھی دی ،وزیراعلی نے اسٹریٹ کرائم کے بڑھنے پر تشویش کا اظہارکیاہے اور آئی جی سندھ کو سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت کی،اجلاس میں انرجی پالیسی کی منظوری بھی دی۔