کراچی(رپورٹ :ایس ایم امین)سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سندھ کی 22جامعات میں کروڑوں کی مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر مالی حسابات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیدیا، سندھ یونیورسٹی میں 20 کروڑ،این ای ڈی یونیورسٹی میں 14 کروڑکی مالی بے ضابطگیوں کے بعد ریکارڈ گم ہونے کا انکشاف ہواہے ،دواہم جامعات میں 34 کروڑروپے کی کرپشن پر12 افسران کوآئندہ اجلاس میں ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ سندھ کی جامعات میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں پر یونیورسٹیزانتظامیہ پی اے سی کو گزشتہ 7 برس کے مالی حسابات پیش نہیں کررہی ہیں جبکہ سندھ یونیورسٹی اوراین ای ڈی یونیورسٹی میں 34 کروڑروپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے وزیراعلی کوسفارش کی ہے کہ جامعات اپناانٹرنل آڈٹ نظام درست کریں اور گائیڈ لائن کے مطابق ریٹائرڈ افراد کا جامعات میں تقرر نہ کریں،اسی طرح لیوانکیشمنٹ دینے کا عمل بند کیا جائے۔