کراچی سے روزنامہ 92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ کی افسر شاہی سے متعلق وزیراعظم ہائوس میں شکایتی سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں ملوث سندھ پولیس کے افسران سے متعلق شکایات بھی درج کرائی جا سکیں گی۔ اس میں شبہ نہیں کہ سندھ کی افسر شاہی کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دیئے گئے احکامات نظرانداز کرنے کی شکایات ملتی رہی ہیں جس کے ردعمل میں تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی شکایات پر یہ کائونٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ وفاق کو آئینی و قانونی اختیارات کے حوالے سے صوبوں پر بہرحال یہ تفوق حاصل ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کی افسرشاہی کو جو ہدایات جاری کی جائیں، اس پر عملدرآمد ضروری ہے ۔اگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو وفاق کو اختیار حاصل ہے کہ وہ آئینی طریقہ کار سے اس مسئلے کو حل کرے تاہم شکایتی کائونٹر کے قیام سے وفاق کی جانب سے سندھ کے سیاسی معاملات میں مداخلت یا ماورائے آئین تاثر نہیں ابھرنا چاہئے تاکہ کسی کو انگشت نمائی کا موقع نہ ملے۔ اس کائونٹر کو خالصتاً ایسے مقاصد کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے جس سے سندھ کی افسرشاہی کی وجہ سے پیدا ہونے والی شکایات کا ازالہ ہو سکے اور جو افسران دیدہ و دانستہ حکم عدولی اور انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہوئے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ وفاق اور صوبوں میں عدم تعاون کی فضا کا خاتمہ ہو سکے۔