اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسترد شدہ سیاسی ٹولے کا نہ کوئی نظریہ ،کوئی راستہ نہ ہی منزل،بھٹکی ہوئی روحوں کی طرح کبھی ایک ڈگر ،پھر دوسری ڈگر، عمران خان پر تنقیدکافی نہیں ،اپنا پروگرام دیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ فواد چودھری نے کہا ابوبچائو ڈرامے کی ناکامی کے بعد مسترد سیاسی ٹولہ سوات میں نیا ڈرامہ سٹیج کررہا، محمود خان لالہ سے کہا ہے ان مہمانوں کا خیال رکھیں لیکن ان پر نظر بھی رکھیں۔فواد چودھری نے سوات جلسے پر ردعمل میں کہا پی ڈی ایم کا جلسہ دراصل اپوزیشن کے فارغ سیاستدانوں کی پکنک تھی،جلسہ بری طرح ناکام ہوا، ان کے پاس سوائے باتوں کے قوم کے لئے اور کچھ نہیں۔انہوں نے کہا شہباز صاحب ! عوام کی جیب نواز شریف کاٹ کر لندن بھاگ گئے ہیں، انہوں نے بجلی بنائی کم اور عوام پر مہنگی بجلی گرائی زیادہ۔ انہوں نے کہا مولانا صاحب ! شہباز شریف سے ہی پوچھ لیتے تو وہ بتا دیتے کہ وزیراعظم کی آمد پر انہوں نے اعتراض کیوں کیا تھا؟