لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے صوبہ کی تاریخ میں پہلی سوشل ویلفیئر پالیسی کے علاوہ نئے قوانین اور نیا وژن متعارف کرائیں گے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سوشل ویلفیئر، بیت المال و ترقی خواتین کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں امین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ چدھڑ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر عنبریں رضا اور پنجاب بھر کے ریجنل ڈائریکٹرزبھی موجود تھے ۔ راجہ بشارت نے کہا کہ محکمے کے تمام دفاتر اور منسلکہ اداروں میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں نیزجن اضلاع میں مشاورتی کمیٹیاں مکمل نہیں ہوئیں، دو دن میں مکمل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے اداروں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کیلئے موثراقدامات کریں اورمعذور افراد کی بحالی کیلئے نئے ادارے رجسٹر کر کے فنڈز کا ہدف 5 کروڑ سے 50 کروڑ تک لے جائیں۔ وزیر قانون ن نے کہا کہ آئندہ ہر ماہ اجلاس منعقد ہو گا اور دیے گئے اہداف پر پیش رفت کا جائزہ خود لوں گا۔