وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونی کیشن نے سوشل میڈیا رولز 2021ء کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق انتہا پسندی‘دہشت گردی، نفرت انگیز ‘فحش اور پرتشدد مواد کی لائیو سٹریمنگ پر پابندی ہو گی۔دنیا بھر میں سوشل میڈیا اپنے ملکی قوانین کی پاسداری کرتا ہے لیکن پاکستان میں ابھی تک سوشل میڈیا کے لئے قوانین نہیں بنائے جا سکے تھے ،جس کے باعث سوشل میڈیا پر دہشت گردی‘نفرت انگیز مواد کی تشہیر‘انتہا پسندی کے فروغ کی باقاعدہ طورپر حوصلہ افزائی کی جاتی تھی۔اس کے باعث ملک میں پرتشدد فضا جنم لے رہی تھی لیکن حکومت پاکستان نے سوشل میڈیا رولز 2021ء کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد اب ملک بھر میں 5لاکھ سے زائد صارفین رکھنے والی سوشل میڈیا کمپنیاں پی ٹی اے کے پاس رجسٹرڈ ہونگی۔سوشل میڈیا ادارے پاکستان کے وقار‘سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد ہٹانے کے پابند ہونگے۔یقینی طور پر اس کے بعد سوشل میڈیا پر کسی کے خلاف بات نہیں کی جا سکے گی اور دوسروں کی نجی زندگی میں کسی کو دخل اندازی کی اجازت نہیں ہو گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت سوشل میڈیا رولز 2021ء کے مطابق سوشل میڈیا سے اس کی پابندی کروانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔کیونکہ یہ کام صرف نوٹیفکیشن جاری کرنے سے نہیں ہو گا ۔اس کے لیے سوشل میڈیا کی سخت مانیٹرنگ کی ضرورت ہے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے ۔