لاہور(نمائندہ خصوصی سے )سول سیکرٹریٹ ملازمین کے یوٹیلیٹی الاؤنس میں اضافے کا دیرینہ مطالبہ منظور کر لیاگیا۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کی منظوری کے بعد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے یوٹیلیٹی الاؤ نس کی شرح میں 100 فیصد اضافہ کر دیا۔گریڈ1سے 16جبکہ سپرنٹنڈنٹ گریڈ 17کے سول سیکرٹریٹ ملازمین کے یوٹیلیٹی الاؤنس کو بڑھایا گیا۔ احکامات کی روشنی میں گریڈ 1تا8کا یوٹیلیٹی الاؤنس 3ہزار سے بڑھا کر 6ہزار،گریڈ9تا14کا الاؤنس 4 ہزار سے بڑھا کر 8ہزار کرنے ، گریڈ 15کے ملازمین کا الاؤنس 5ہزار سے 10ہزار جبکہ گریڈ 16اور سپرنٹنڈنٹ 17گریڈ ملازمین کا الاؤنس 7ہزار سے بڑھا کر 14ہزار کرنے کی منظوری دی گئی ۔احکامات کے مطابق یو ٹیلیٹی الاؤنس میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020سے سول سیکرٹریٹ ملازمین پر ہو گا۔الاؤنس میں اضافے کی مد میں رواں مالی سال میں 17کروڑ 32لاکھ 80ہزار جاری کئے جائینگے ۔