لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قرنطینہ کے مشکل وقت میں کرکٹرز کی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کی خاطر ماہرنفسیات کی خدمات لینے کافیصلہ کیا ہے ۔پی سی بی اعلیٰ حکام نے دورہ نیوزی لینڈ پر موجود قومی کپتان بابراعظم ، سینئر کھلاڑیوں اور پریشان حال ٹیم مینجمنٹ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔پی سی بی نے قومی ٹیم کو تسلی دی اور یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں کرکٹ بورڈ اور پوری قوم آپ کیے ساتھ ہے ۔ پی سی بی نے پیغام دیا کہ کھلاڑی و ٹیم منیجمنٹ ہمت اور حوصلے کے ساتھ آئسولیشن کا وقت گزاریں۔ پی سی بی نے قومی کرکٹرز کیلئے مشکل صورتحال میں ماہرِنفسیات کی خدمات لینے کافیصلہ کیا ہے ۔کھلاڑیوں کی مینٹل ہیلتھ کے خدشات کی وجہ سے پی سی بی کوپریشانی لاحق ہے ۔ماہرِنفسیات کھلاڑیوں کے ساتھ وقتاً فوقتاً آن لائن سیشن میں وقت گزاریں گے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں ہونے والے کرونا ٹیسٹ کے سیمپل ری ٹیسٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کا مثبت کورونا ٹیسٹ آنے کے بعد کیا گیا۔