مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی )اسرائیلی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سوڈان نے اسرائیلی بائیکاٹ سے متعلق قانون منسوخ کرنے کافیصلہ کرلیا ہے ،63سال سے رائج قانون میں اسرائیل کیساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات قائم کرنا ممنوع ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈانی وزارت قانون کے ذرائع نے بتایاکہ سوڈانی حکام تل ابیب کے ساتھ سفارتی تعلقات کی پابندی عائد کرنے والے بائیکاٹ قانون کو جلد ہی منسوخ کرنے جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ 1958 سے رائج قانون کی روشنی میں اسرائیل یا اسرائیل میں مقیم افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات قائم کرنا ممنوع ہے ۔اور اسی طرح اسرائیلی تجارتی اور مالیاتی کمپنیوں سے روابط بھی اسی قانون کے تحت منع ہیں۔ قانون کے تحت کوئی بھی فریق جس کے مفادات اسرائیل سے وابستہ ہوں سے سوڈان معاملہ نہیں رکھے گا اور نہ ہی اس قانون کے تحت اسرائیلی اشیا براہ راست با بلواسطہ طور پر درآمد کی جا سکتی ہیں۔یاد رہے رواں مہینے کے پہلے ہفتے میں سوڈان ان ملکوں کی صف میں شامل ہو گیا تھا جنہوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کئے تھے ۔