کراچی ( کامرس رپورٹر ) سینٹ الیکشن کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو شدید مندی چھائی رہی ۔ کے ایس ای100انڈیکس 882.24پوائنٹس کمی سے 45278.54پوائنٹس پر آگیا۔اس دوران 86.89فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے سرمایہ کاروں کوایک کھرب 43ارب21کروڑ68لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔گزشتہ روز کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کار سینٹ الیکشن کے نتائج کے بعدسیاسی رسہ کشی بڑھنے کے باعث محتاط نظر آئے ۔انہوں نے نئی سرمایہ کاری کے بجائے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دی۔ادھر کے ایس ای30انڈیکس400.74پوائنٹس کمی سے 18898.29پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 531.18پوائنٹس کمی سے 31133.90پوائنٹس پرآ گیا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر412کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 46کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ358میں کمی اور8کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید157.10 اور قیمت فروخت157.20روپے پر مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید10پیسے اضافے سے 157.20 اور قیمت فروخت157.30 سے بڑھ کر157.40روپے ہوگئی ۔علاوہ ازیں صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 1900روپے کمی سے 1لاکھ 4ہزار200روپے اور دس گرام سونے کی قیمت1629روپے کمی سے 89ہزار335روپے ہوگئی۔