کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ مندی کے بعد جمعہ کو ریکوری آئی ۔سرمایہ کاروں کی حصص خریداری میں زبردست دلچسپی سے کے ایس ای100انڈیکس 558.81 پوائنٹس اضافے سے 45837.35پوائنٹس پرپہنچ گیا ۔ 72.12فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 69ارب70کروڑ70لاکھ روپے بڑھ گئی۔گزشتہ روز کاروبارکا آغاز منفی زون میں ہوا ،ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100 انڈیکس 45166کی نچلی سطح پر آگیاتاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کی نچلی سطح پر آئے حصص کی خریداری شروع کردی ، جس کے سبب مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورتیزی آگئی۔ تیزی کا رجحان آخر تک غالب رہا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس275.54پوائنٹس اضافے سے 19173.83پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 268.12پوائنٹس اضافے سے 31402.02پوائنٹس پرپہنچ گیا۔گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت خرید5پیسے اضافے سے 157.10سے بڑھ کر157.15اور قیمت فروخت157.20 سے بڑھ کر157.25روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید157.20اور قیمت فروخت157.40روپے مستحکم رہی ۔علاوہ ازیں صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 1450روپے کمی سے 1لاکھ 2ہزار750روپے اور دس گرام سونے کی قیمت1450روپے کی کمی سے 88ہزار92روپے ہوگئی۔