اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سونامی سرکار نے عوام کیلئے آٹا خریدنا بھی مشکل بنا دیا ہے ۔ زرعی ملک میں انسانی خوراک کی اشیائمہنگی ہونا حکومت کی نالائقی ہے ۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان ملک کیلئے گوربا چوف بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب ایک وقت کی دال روٹی مشکل بن گئی ۔کٹھ پتلی حکومت کی ساری توجہ حزب اختلاف کو کچلنے پر ہے ۔ نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پراپنے ردعمل میں کہا کہ کل حکومت نے اعلان کیا کہ مہنگائی کم کریں گے ، آج ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ شیری رحما ن نے کہا کہ آٹا مہنگا ہونے سے غریب روٹی بھی نہیں خرید سکے گا ۔ نااہل حکومت عوام کے منہ سے نوالہ چھین رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویداروں کے دور میں مہنگا آٹا قطار میں بھی لینا محال ہوگیا ۔ پیپلز پارٹی کو چھت روزگار روٹی چھن جانے والوں کی حمایت سے کوئی نہیں روک سکتا۔