کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا اختتام مایوس کن انداز میں ہوا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں136.43پوائنٹس کی کمی سے 40029.69 پوائنٹس رہ گیا۔مندی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں 8 ارب 14کروڑ28لاکھ88ہزار192روپے کا اضافہ ہوگیا۔ مجموعی طور پر402کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے 197کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،188میں کمی اور17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دریں اثنا ملکی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونا 2500 روپے کے اضافے سے 1لاکھ 32 ہزار روپے ہو گیا اسی طرح 2144 روپے کے اضافے سے دس گرام سونا 1لاکھ 13 ہزار169 روپے کا ہو گیا۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 50 پیسے کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 167.80 روپے اور قیمت فروخت 168 روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20 پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 167.80 روپے اور قیمت فروخت 168.30 روپے ہو گئی۔ یورو کی قدر میں 50 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید 197.50 روپے اور قیمت فروخت 199.50 روپے پر آگئی، اسی طرح 2 روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پائونڈ کی قیمت خرید 218 روپے اور قیمت فروخت 220 روپے پرہو گئی۔