لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ ہم نے کورونا وائرس کیخلاف اقدامات بڑے سوچ سمجھ کر کئے ہیں ، اس وقت آپ پوری دنیا میں دیکھیں کیا صورتحال ہے ، وسائل محدود ہونے کے باوجود ہم اچھے طریقے سے چل رہے ہیں اور پرائیویٹسیکٹر کو ساتھ لے رہے ہیں، نوجوان طبقے کو بھی ساتھ ملا رہے ہیں، 92 نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے پچھلے ہفتے پنجاب میں اپنا معاشی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔پنجاب میں پہلی حکومت ہے جس نے پچھلے سال میں پنجاب میں 9ہسپتالوں کی تعمیر کا آغاز ہے ۔ سینئر تجزیہ کار وسیم بادامی نے کہا کورونا وائرس کے حوالے سے اب ہم اس صورتحال میں ہے کہ ہم جو بھی اقدامات کرینگے اس کا کوئی نہ کوئی تو نقصان ہوگا، مگر لاک ڈائون ہی موجود ہ صورتحال میں بہتر ہوسکتا ہے ، بلاول بھٹو نے لاک ڈائون کا کہا تو وزیر اعظم عمران خان نے اسے منظور نہیں کیا، اب تک تو لاک ڈائون پر ہی یہ لوگ اتفاق نہیں کرسکے ۔ماہر معاشیات ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا ہے کہ اس وقت دوسری جنگ معیشت کو سہارا دینے کی ہے ، معیشت جس طرح نیچے جارہی ہے اسے سہارا کس طرح دینا ہے ، پاکستان سٹاک ایکسچینج نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری، سیمنٹ اور دیگر انڈسٹری بند ہونے والی ہے ، اس صورتحال میں ایک کروڑ لوگ بیروزگار ہوجائینگے ۔ ماہر وبائی امراض ڈاکٹر برجیس مظہر قاضی نے کہا ہے کہ اس وقت جو صورتحال ہے اس کا آخری حل عوام کو ایک دوسرے سے دور رکھنے میں ہی ہے ۔فیصلے کا تب اثر ہوتا ہے جب وہ ٹائم پر کیا جائے ، اس وقت ہمارے ہاں جو کیسز سامنے آچکے ہیں او ر جتنے لوگ جاں بحق ہوئے ہیں، اس سے ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ صورتحال ابھی ہمارے کنٹرول میں ہے ۔