اسلام آباد (این این آئی،خبر نگار)سپریم کورٹ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مستقلی سے متعلق کیس میں وفاق،چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کے لا افسران سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مستقلی،سروس سٹرکچر اور تنخواہوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جائے ۔ دور ان سماعت عدالت نے ڈیوٹی ٹائم کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بلانے کے الزام پر کوآرڈینیٹر سندھ ڈاکٹر ذوالفقار دھاریجو کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر ذوالفقار دھاریجو ایک ہفتے میں الزمات سے متعلق بیان حلفی جمع کرائیں۔ قبل ازیں درخواست گزار بشریٰ نے کہاکہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہورہا،لیڈی ہیلتھ ورکرز کو سروس کے مطابق مراعات نہیں مل رہیں،سندھ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو رات کو بھی ڈیوٹی پر بلا لیا جاتا ہے ۔ جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا رات کو کیا کام ہے ۔ ڈاکٹر ذو الفقار نے کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں آپ انکوائری کروا لیں۔ جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ آپکو معطل کر کے ایف آئی آر درج کرتے ہیں پھر انکوائری کریں گے ۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت نجی گیس کمپنی کے وکیل منیر اے ملک نے التوا کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے باعث کیس ملتوی کیا جائے ۔ جسٹس مشیر عالم نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ التوا سے متعلق آپ کیا کہتے ہیں؟جس پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہا کہ التوا کی مخالفت نہیں کررہا ،،تاہم یہ اہم نوعیت کا کیس ہے ، روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہیے ۔عدالت نے نجی کمپنی کے وکیل کی التوا سے متعلق درخواست منظور کر لی۔