لاہور(نامہ نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابات میں ووٹ کا حق دیدیا۔ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں خصوصی بنچ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے انتحابی نتائج حتمی نتائج میں شامل ہوں گے ، کسی بھی حلقے کے نتائج میں ابہام ہونے کی صورت میں اوورسیز ووٹ علیحدہ کئے جائیں اور آئی ووٹنگ کے انتحابی نتائج کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اوورسیز پاکستانیوں کو بہت مبارک ہو، اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے حق کو تسلیم کر لیا گیا ہے ، اب عملدرآمد کا معاملہ ہے ۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس پاکستان نے سیمنٹ فیکٹریوں کے پانی کے غیر قانونی استعمال کے حوالے سے سماعت میں پانی کی قیمت سے متعلق جاری سرکاری نوٹیفیکیشن میں گڑ بڑ پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کرلیا اور ڈی جی نیب کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔ سماعت کے دوران بنچ کے رکن جسٹس اعجاز الاحسن نے نشاندہی کی کہ پانی کے استعمال کیلئے دس لاکھ روپے فی کیوسک روزانہ کی قیمت مقرر کی گئی پھر اس میں تبدیلی کرکے ماہانہ کر دیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ رقم کی وصولی کے نوٹیفیکیشن میں کس نے تبدیلی کی وہ سامنے آئے ۔ دریں اثنا سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں ازخود نوٹس پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی آلودگی سے شہریوں کی صحت خراب ہو رہی ہے ۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کیلئے میکنزم بنائیں اور قانون کے مطابق عملدرآمد کریں۔ مزید برآں سپریم کورٹ رجسٹری میں سابق ن لیگی ایم پی اے غلام دستگیر کی سابق بیوی کی طرف سے نان نفقہ کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے غلام دستگیر کو دونوں بچوں کے 50 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے کا عبوری حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں گلوکارہ سائرہ نسیم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ماتحت عدالت کو چھ ماہ میں زیر سماعت کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ سائرہ نسیم کی طرف سے درخواست دائر کی گئی کہ بااثر افراد گھر کی فروخت میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے بادشاہی مسجد سے چوری ہونے والے نعلین پاک کی بازیابی کا حوالے سے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں بجٹ کٹوتی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے بجٹ بڑھانے سے متعلق معاملہ نظر ثانی کے لئے نئی حکومت کو بھجوا دیا۔ چیف جسٹس نے اپنے دفتر میں عدالت لگا کر کاروبار کی تقسیم کے حوالے سے زبردستی معاہدہ کرانے کا معاملے پر سابق سی سی پی او امین وینس اور پولیس افسر عمر ورک کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے مارکٹائی کر کے ترقیاں لینے والے کل عدالت میں پیش ہوں، یہ تو سیدھا سادھا نیب کا معاملہ ہے ، مقدمہ بھی درج کرائیں گے اور معاملے کو منطقی انجام کی طرف بھی بڑھائیں گے ،آئی جی پنجاب بھی عدالت پیش ہوں۔ لاہور رجسٹری میں سابق ایم پی اے سیمل کامران کی راجہ بشارت کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کردی۔ سیمل کامران نے عدالت کو بتایا کہ راجہ بشارت سے شادی کی مگر وہ حق زوجیت ادا نہیں کر رہے ، راجہ بشارت اور ان کے گھر والوں نے تشدد کیا اورگھر سے نکال دیا، راجہ بشارت کہتے ہیں کہ وہ مجھے جانتے بھی نہیں، سیمل کامران کمرہ عدالت میں زاروقطار روتی رہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے راجہ بشارت کو کل طلب کیا گیا ہے ، مزید سماعت کل ہوگی۔ ووٹ اجازت