اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کیلئے 5 بنچ تشکیل دیدیئے گئے ، دوبنچ اسلام آباد، دو کراچی جبکہ ایک بنچ لاہور رجسٹری میں مقدمات سنے گا ۔ اسلام آباد میں اہم مقدمات کی سماعت کیلئے دو بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں ،پہلا چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل ہے ، دوسرا بنچ جسٹس شیخ عظمت سعید ، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل ہے ،سوموار کو یہ دونو ں بنچ مقدمات سنیں گے جبکہ منگل سے جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مقدمات سنے گا، چیف جسٹس کی بیرون ملک روانگی کے باعث انکی سربراہی میں بنچ ٹوٹ جائے گا ، اسکے بعد جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں دو رکنی بنچ مقدمات سنے گا۔سپریم کورٹ میں این آئی سی ایل کرپشن کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ،منگل 30 جولائی کو کیس کی سماعت ہوگی۔جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ این آئی سی ایل کرپشن سکینڈل سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کریگا۔ مذکورہ بنچ سندھ میں جنگلات کی زمینوں پر قبضہ سے متعلق کیس بھی سنے گا۔ کراچی رجسٹری میں پہلا بنچ جسٹس مشیر عالم اورمنیب اختر ، دوسرا بنچ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے ۔ لاہور رجسٹری میں مقدمات سننے کیلئے قائم واحد بنچ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی پر مشتمل ہے ۔