لاہور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے گزشتہ روز نارووال کا دورہ کیا، جمنیزیم ہال، ای لائبریری اور ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا، انہوں نے وہاں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نارووال کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے ، اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر گوجرانوالہ خواجہ سیف الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رؤف باجوہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو نوید انجم، اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر اعزاز شیرازی اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نارووال محمد اصغر بھی موجود تھے ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے جمنیزیم ہال اور ای لائبریری کے معائنے کے موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں، نوجوان اس سے استفادہ کرکے اپنے ٹیلنٹ کو بہتر بنا کر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کی تعمیر میں معیاری سامان استعمال کیا جائے ۔