اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، این این آئی، صباحنیوز)اپوزیشن جماعتوںنے قومی اسمبلی میںحکومتی روئیے کی شدید مذمت کی ہے ۔ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میںکہا سپیکر صاحب حکومتی پارٹی کو قابو نہیں کر پائے ، حکومت اسمبلی نہیں چلانا چاہ رہی ،اپوزیشن کا احتجاج کرنے کا جواز بنتا ہے لیکن حکومت کے احتجاج کا کیا جواز؟۔ہمارا احتجاج پرودکشن آرڈر اور حکومتی نااہلیوں کے خلاف ہے ۔شاہد خاقان نے کہا سپیکر ہاؤس کو چلانے میں ناکام ہوچکے ، سارا تماشہ بجٹ سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے لگایا جارہا ہے ، حکومت بات نہیںسنتی تو سپیکر مستعفی ہو جائیں۔ سراج الحق نے کہا حکومت شور شرابا ، ہنگامہ آرائی اور دھینگا مشتی کرنے کے جائے آئی ایم ایف کا مسلط کردہ بجٹ واپس لے ۔ خورشید شاہ ، پرویز اشرف ، شیری رحمان نے کہا سپیکر پارلیمنٹ کو بے معنی بنانے کی کوشش کررہے ہیں ،انہوںنے آصف زرداری کو اسمبلی میں لانے کے وعدے کی پاسداری نہیں کی ، عمران خان آج بھی کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں اوروزراء کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ پارلیمنٹ کو نہ چلنے دیں جب بھی اپوزیشن بات کرے وزراء ہنگامہ آرائی اور شور شو شرابا کریں ۔ادھر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اسلام آباد پولیس کی طرف سے اپنی ضمانت کی منسوخی کی درخواست پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرسیاسی پولیس کا ڈھول پیٹنے والے نو ماہ میں بے نقاب ہو چکے ، عمران سیاسی قوتوں کو کچلنے کے لئے پولیس کا بدترین استعمال کر رہے ہیں۔