اسلام آباد( خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر،اے پی پی، این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے جھوٹے گواہوں کو سزا دینے کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سچ کی جانب سفر ہی نئے پاکستان کی طرف سفر ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا قومیں اپنے اعلی اقدار کی وجہ سے عظیم بنتی ہیں۔اسلامی تہذیب کی بنیاد ریاست مدینہ کی اعلی انسانی اور اخلاقی اقدار پر مبنی تھی جوسچ پر رکھی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں توانائی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، سیکرٹری پٹرولیم میاں اسد حیاء الدین اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم اور گیس سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پاکستان کے بیرون ملک ٹریڈ آفیسرز کی آسامیوں کا 20 فیصد کوٹہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے مختص کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ وزیراعظم کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے حوالے سے زیر گردش اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ وزیر اعظم نے کوئی نوٹس لیا نہ ہی وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو کوئی ہدایات دی گئیں۔ دریں اثنا وزیراعظم سے تحریک انصاف کے رہنماجہانگیر ترین نے ملاقات کی۔ملاقات میں موجودہ صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان رواں ہفتے لاہورآئینگے اور پنجاب کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرینگے ،وزیراعظم کوصوبائی وزراکی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائیگی،خراب کارکردگی والے وزراسے قلمدان واپس بھی لئے جاسکتے ہیں،کابینہ کے ارکان کی وزارتوں میں ردوبدل کا بھی امکان ہے ،وزیراعظم صوبائی وزراکوپہلے بھی وارننگ دے چکے ہیں۔وزیراعظم سے اٹارنی جنرل انورمنصور نے ملاقات کی،ملاقات میں مختلف قانونی امورپرتبادلہ خیال کیاگیا،ذرائع کے مطابق وزیراعظم کوعالمی عدالت میں کلبھوشن کیس سے متعلق آگاہ کیاگیا۔