کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور پیر کو کے ایس ای 100نڈیکس مزید251.66پوائنٹس کے اضافے سے 44686.46پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 56.06فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 20ارب7کروڑ7لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 15.84فیصد کم رہا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس186.19پوائنٹس کے اضافے سے 18770.20پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس112.53پوائنٹس کے اضافے سے 31282.02پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔دریں اثنائفوریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روزانٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید15پیسے کے اضافے سے 159.95روپے سے بڑھ کر 160.10روپے اور قیمت فروخت10پیسے کے اضافے سے 160.05روپے سے بڑھ کر 160.15روپے ہوگئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کے اضافے سے 159.90روپے سے بڑھ کر160.10روپے اور قیمت فروخت160.20روپے سے گھٹ کر160.15روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1300روپے نمایاں اضافے سے ایک لاکھ 15ہزار600روپے کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت1114روپے کے اضافے سے 99108روپے ہوگئی۔