کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں معمولی تیزی رہی ، ڈالر 25 پیسے سستا ہو گیا،سونا1 لاکھ1ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی محدود پیمانے پراتار چڑھائو جاری رہنے کے بعد معمولی تیزی غالب آگئی اورکے ایس ای100انڈیکس87.27پوائنٹس کے اضافے سے 31329.46پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیااور47.50فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیاجس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 55ارب88کروڑ47لاکھ روپے بڑھ گئی ۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں نے محتاط طرزعمل نے اختیار کیااور ایک جانب سستے شیئرز کی خریداری دیکھنے میں آئی لیکن ساتھ ہی وقفے وقفے سے منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت کا رجحان بھی جاری رہا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر341کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 162کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ160کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور19کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 55ارب88کروڑ47لاکھ روپے کے اضافے سے 59کھرب 75ارب 48کروڑ25لاکھ روپے ہوگئی ۔دریں اثنا انٹر بینک میں جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں25پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا ۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید166.50روپے اور قیمت فروخت167روپے مستحکم رہی ۔ ادھرسونے کی فی تولہ قیمت مزید400روپے کے اضافے سے ایک لاکھ1ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔آل کراچی صراف اینڈ جیولر ز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت14ڈالر کے اضافے سے 1738ڈالر ہوگئی۔ چاندی کی فی تولہ قیمت970روپے برقرار رہی۔