کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کئی روز سے جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا،کاروباری ہفتے کے دوسرے روزمنگل کواتارچڑھاؤ کے بعد محمدودپیمانے پرمندی غالب آگئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 37.54 پوائنٹس کمی سے 36765.56پوائنٹس کی سطح پر آگیا تاہم 51.18فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 12ارب56کروڑ روپے بڑھ گئے اور کاروباری حجم بھی پیرکی نسبت 3.22 فیصد زائدرہا ۔گزشتہ روزملکی معاشی اشاریوں میں بہتری اورپاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈکمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے فوڈز، توانائی، سٹیل، سیمنٹ،ٹیلی کام،کیمیکل اورفرٹیلائزرسمیت دیگرمنافع بخش سیکٹر کے شیئرز کی خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 37182پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم بعد ازاں سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث مقامی سرمایہ کارگروپوں نے نئی سرمایہ کاری سے گریز کیاجس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اورکے ایس ای100انڈیکس 36673 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا بعدمیں مارکیٹ میں ریکوری آئی اور کے ایس ای100انڈیکس کی 36700کی حدبحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات مکمل طور پر ختم نہ ہوسکے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 37.54پوائنٹس کمی سے 36765.56پوائنٹس پر بندہوا ۔ اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس64.71پوائنٹس کمی سے 17117.17 پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 439.40 پوائنٹس کمی سے 59977.46پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 50.34پوائنٹس اضافے سے 26177.27 پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 381 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 195کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 173 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ13کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔