کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہااورکے ایس ای100انڈیکس مزید286.49پوائنٹس کے اضافے سے 38ہزار کی نفسیاتی حدکو عبور کرتے ہوئے 38212.28پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ64.24 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں54ارب 22 کروڑ 37 لاکھ روپے کا اضافہ، البتہ کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 0.61فیصدکم رہا۔ گزشتہ روزکاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 37925.79 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا تاہم بعد ازاں منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گرنے سے پرکشش سطح پر آنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بروکریج ہاوسز اور مالیاتی ادارے متحرک ہوگئے جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس 38289پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا بعد میں مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 286.49پوائنٹس کے اضافے سے 38212.28پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 116.69 پوائنٹس کے اضافے سے 17647.96پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 342.18 پوائنٹس اضافے سے 61855.69 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 203.63پوائنٹس اضافے سے 27062.62 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر 386 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 248کمپنیوں کے حصص کے بھاومیں اضافہ 115 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں کمی جبکہ23کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں استحکام رہا۔تیزی کے سبب سرمایہ کاری مالیت میں54ارب 22کروڑ37لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 73 کھرب 2 ارب 11 کروڑ20لاکھ روپے ہوگئی۔