کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کئی روز سے جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کواتارچڑھاؤ کے بعدمندی چھاگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس526.69پوائنٹس کمی سے 38037.68 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ 61.19فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو89ارب8کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا ۔اورکاروباری حجم بھی منگل کی نسبت 14.97 فیصدکم رہا۔ گزشتہ روزملکی معاشی اشاریوں میں بہتری آنے کے پیش نظر حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام، بینکنگ،توانائی،اسٹیل سیمنٹ اورفوڈزسمیت دیگرمنافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع ایس ای 100انڈیکس38662پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیاتاہم بعد ازاں سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث فروخت کا دباؤ گیا جس سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای100انڈیکس 37977 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں مارکیٹ میں ریکوری آئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس526.69پوائنٹس کمی سے 38037.68پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس270.60پوائنٹس کمی سے 17561.08پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 1049.49پوائنٹس کمی سے 61690.51پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس330.13پوائنٹس کمی سے 26896.80پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 384کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 130کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 235 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔