کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو شدید مندی کے بادل چھائے رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس 43ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 420.14پوائنٹس کی کمی سے 42747.62 پوائنٹس کی سطح پرآگیا جب کہ حصص فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث75.63فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 51 ارب 20 کروڑ 51لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔اور کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 17.74 فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغاز سے ہی گیس کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے پیش نظر منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کار حصص خریداری کے بجائے فروخت کو ترجیع دیتے رہے جس کے باعث مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس 43 ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 42632پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا بعد ازاں ریکوری آئی اورانڈیکس کی 42700کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 420.14پوائنٹس کی کمی سے 42747.62پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 198.43 پوائنٹس کی کمی سے 19798.84 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 189.84 پوائنٹس کی کمی سے 29808.60پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر353کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 70کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ267میں کمی اور16میں استحکام رہا ۔