کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز منگل کوبھی مندی کا رجحان برقرار رہا جسکے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 281.33 پوائنٹس کمی سے 34190.62 پوائنٹس پر بندہو جبکہ 56.26فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 60 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا البتہ کاروباری حجم پیر کی نسبت 83.90 فیصد زائد رہا۔منگل کومارکیٹ میں کاروبار کاآغازہواتو کے ایس ای 100 انڈیکس34471پر ٹریڈ کررہا تھا اور ابتدائی30منٹ میں کوئی لین دین نہیں ہواتاہم بعدازاں سرمایہ کاروں نے گیس کی قیمتوں میں متوقع اضافے اور بجٹ منظوری سمیت مختلف ایشوز کے حوالے غیر واضح صورتحال کے باعث مارکیٹ میں خریداری کی بجائے شیئرز فروخت کرنے کو ترجیح دی۔جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا اورٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 33984پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیابعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، سیمنٹ، فوڈز، بینکنگ اور دیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ریکوری آئی اور کے ایس ای100انڈیکس کی 34000 اور34100کی حدیں بحال ہوگئی لیکن مجموعی طور پر مندی غالب رہی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 281.33پوائنٹس کمی سے 34190.62 پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس 127.21پوائنٹس کمی سے 16160.24 پوائنٹس، کے ایم آئی30 انڈیکس 370.66 پوائنٹس کمی سے 54773.68 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 218.93 پوائنٹس کمی سے 25056.88 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر343کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 118کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ ،193 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ32کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں60ارب 34کروڑ 55لاکھ 51ہزا ر 640روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر69 کھرب 6ارب 82 کروڑ 57 لاکھ 16 ہزار 145روپے ہوگئی۔منگل کومجموعی طور پر14 کروڑ 48 لاکھ 49 ہزار 620 شیئرزکاکاروبارہوا۔