کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اتار چڑھائو کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد تیزی کا رجحان غالب آگیا اور اورکے ایس ای 100 انڈیکس 298.97 پوائنٹس کے اضافے سے 33737.92 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 46ارب 12 کروڑ 38لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ۔ گز شتہ روز 357کمپنیوں کے حصص کاروبار ہوا جن میں سے 146کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 190میں کمی اور 21 میں استحکام رہا۔دریں اثناسونے کی فی تولہ قیمت 1300روپے کے اضافے سے ایک لاکھ2ہزار روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔علاوہ ازیں اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر30پیسے کی کمی سے 166.80روپے ہوگئی جب کہ یورو ،برطانوی پائونڈ ،سعودی ریال اور یوے ای درہم کی قدر مستحکم رہی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید184روپے اور قیمت فروخت186روپے مستحکم رہی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خریدبغیر کسی تبدیلی کے 204روپے اور قیمت فروخت 206روپے برقرار رہی ۔سعودی ریال کی قیمت خرید43.80روپے اور قیمت فروخت44.30روپے برقرار رہی جب کہ یواے ای درہم کی قیمت خرید44.80روپے اورقیمت فروخت45.30روپے مستحکم رہی۔