کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا ،جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 33ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 667.82 پوائنٹس کے اضافے سے 33499.65پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔اس دوران 51.73فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمایہ کاری کی مالیت 54ارب93کروڑ45لاکھ روپے کے اضافے سے 62کھرب 60ارب12کروڑ81لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی جبکہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی39کروڑ99لاکھ6ہزار شیئرز رہا جو جمعہ کے مقابلے میں32.24فیصد زائد ہے ۔سٹاک ماہرین کے مطابق تعمیراتی شعبے کومراعات اور لاک ڈاؤن کے دوران محتاط انداز میں کاروبار کھولنے کی پالیسی کے باعث سرمایہ کار سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔گزشتہ روزٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 33831پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی404.11پوائنٹس کے اضافے سے 14811.67پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس205.91پوائنٹس کے اضافے سے 23465.13پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر375کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 194کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 154کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دریں اثناعالمی مارکیٹ میں نرخ گرنے اور ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث مقامی سطح پرسونے کی قیمت مزید500روپے کمی سے 96ہزار300روپے فی تولہ کی سطح پر آ گئی ۔ اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت 428روپے کمی سے 82562روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت 950روپے فی تولہ پرمستحکم رہی۔علاوہ ازیں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید163روپے پر مستحکم رہی اور قیمت فروخت 164روپے سے گھٹ کر163.50روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید1.50روپے کمی سے 164روپے سے گھٹ کر162.50روپے اور قیمت فروخت165روپے سے کم ہو کر 163.50روپے ہوگئی ۔