لاہور،ڈسکہ ،سیالکوٹ (92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگارخصوصی ،کامرس رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے میدان مارلیا جبکہ پی ٹی آئی 19201 ووٹوں سے ہار گئی ، انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی پر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، مسلم لیگ ق کے سینئر وائس پریذیڈنٹ چودھری سلیم باریار اور لیگی ایم پی ا ے ذیشان رفیق کو شو کاز نوٹس جاری کر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق تمام 360پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی ،غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی سیدہ نوشین افتخار111220ووٹ لے کرکامیاب ہوگئیں، پی ٹی آئی کے علی اسجدملہی92019ووٹ لے کردوسرے نمبرپررہے ، کامیابی پر ن لیگ نے جشن منایا ،متوالوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ،مٹھائیاں تقسیم کیں،آتشبازی کابھی مظاہرہ کیاگیا۔ ضمنی الیکشن میں کامیابی پرنائب صدمریم نوازکاردعمل آگیا۔اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ شاباش ڈسکہ! شاباش ڈسکہ کے غیور اور بہادر عوام! شاباش نوشین، تم نے آج ایک بار پھر ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی جنگ جیتی،ساری دنیا پر واضح کر دیا کہ کس طرح 19 فروری کو کٹھ پتلی وزیراعظم کی نگرانی میں ووٹ کی عزت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، سن لو عوام کیا کہہ رہے ہیں، غربت مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے ہوئے عوام سے تمہیں کوئی نہیں بچا سکتا، ڈرو اپنے انجام سے ،نواز شریف کا بیانیہ جیت گیا، جب بھی منصفانہ الیکشن ہونگے جیت شیرکی ہی ہوگی،نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے یاد رکھیں نواز شریف ایک نظرئیے کا نام ہے جو عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ، اس جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے ، وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں عوام کی حکمرانی ہوگی، جعلسازوں کی نہیں ،جہاں جہاں ووٹ پڑے گا وہاں نوازشریف جیتے گا،عوام نے فیصلہ کرلیا کہ اب ووٹ چوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود جیت ووٹ ، عوام کی ہوئی ۔ حمزہ شہباز نے ڈسکہ کے عوام سے اظہارتشکر کیااورکہا اللہ کا شکراداکرتے ہیں جس نے عوام کی فتح کاسور ج طلوع کیا،آج عوام اورووٹ جیت گیا،ووٹ چورسلیکٹڈمافیاہارگیا،ڈسکہ کے عوام نے نواز ،شہبازشریف کی عوامی خدمت اورحب الوطنی پرمہرلگائی،عوام نے فیصلہ سنادیاووٹ چوروں،پریزائیڈنگ افسران کے اغواکاروں کی کوئی جگہ نہیں،عوام نے فیصلہ سنادیاسلیکٹڈنیازی گھرجاؤ ، ن لیگ پرمہرکامطلب آٹا،چینی،دوائی چورمافیا سے نجات ہے ۔اس سے قبل این اے 75 ڈسکہ میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک جاری رہی ، پولنگ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا ۔ ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈسکہ کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل کی نگرانی کی۔ ۔ علی اسجد ملہی نے گورنمنٹ گزلر کالج ڈسکہ کے پولنگ سٹیشن کے دورے کے موقع پر کہا کہ الیکشن میں کئے گئے انتظامات سے مطمئن ہیں ۔الیکشن کمیشن پنجاب نے ڈسکہ میں حالیہ دنوں پریس کانفرنس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرنے پر معاون خصوصی فردوس عاشق ایوان کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا،الیکشن کمیشن کے مطابق فردوس عاشق ایوان نے این اے 75 میں ضمنی انتخاب سے قبل پریس کانفرنس کی اور متعلقہ حلقے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا، الیکشن کمیشن پنجاب نے کرفردوس عاشق ایوان سے دو روز میں وضاحت طلب کرلی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ذیشان رفیق نے حلقے کا دورہ کیا جس پر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ذیشان رفیق کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے ذیشان رفیق کو ایک دن کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی،دوسری جانب حلقے کے دورے کے دوران تحریک انصاف کے کارکنان نے لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق کا گھیراؤ کرلیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر بیچ بچاؤ کرایا۔ ڈسکہ کے علاقے اگو چک میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے کارروائی کے دوران پولنگ سٹیشن کے قریب سے 9 افراد گرفتار کرلیے ،پولیس کے مطابق گرفتارافراد سے کلاشنکوف،2 پستول اور ایک 223 بور رائفل برآمد ہوئی،پولیس نے ملزمان کی2 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں۔الیکشن کے روز ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، اورکمانڈر رینجرزکو خط میں ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ حلقے میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو داخل ہونے سے روکا جائے ۔ ریٹرننگ افسر نے نوشین افتخار کے خط کا تحریری جواب دیا،نوشین افتخار نے کچھ پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ آفیسرز پر شبہات کا اظہار کیا تھا جس کے جواب میں ریٹرننگ افسر نے کہا کہ مذکورہ پریذائیڈنگ افسران کو فرائض کی انجام دہی میں منصفانہ اور ذمہ دارانہ رویہ رکھنے کی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔