لاس اینجلس (نیٹ نیوز) امریکی جریدے فوربز نے رواں سال سب سے ز یادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست جاری کی ہے ۔ اس فہرست میں اداکاراؤں کی فلموں کی کمائی کے علاوہ مختلف اشتہارات اور برانڈز کے ساتھ پارٹنر شپ اورخود کے بزنس کی آمدنی بھی شامل ہے ۔ معروف امریکی جریدے فوربز کی جانب سے جاری کی جانے والی سالانہ فہرست کے مطابق ہالی ووڈ کی کامیاب ترین اوینجرز سیریز اوربلیک وڈو سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی نامور ہالی ووڈ اداکارہ سکارلٹ جانسن نے رواں سال 56 ملین ڈالرز کماکر سب کو پیچھے چھوڑ دیا، نامور امریکی اداکارہ، ماڈل اور کامیڈین صوفیہ ورگارا فوربز کی فہرست میں 44.1 ملین ڈالرز کماکر دوسرے نمبر پر شامل ہیں۔ امریکی اداکارہ و پروڈیوسر اور بزنس وومن ریسے ودر سپون نے رواں سال 35 ملین ڈالرز کمائے ہیں اورامیر ترین اداکاراؤں میں تیسرے نمبر پرشامل ہوگئی ہیں۔ آسٹریلین امریکی اداکارہ نکول کڈمین کا شمار ہالی ووڈ کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے ۔ نکول کڈمین اداکارہ کے ساتھ کامیاب پروڈیوسر بھی ہیں اور اکیڈمی سمیت متعدد ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہیں۔ اداکارہ نکول کڈمین نے رواں سال 34 ملین ڈالرز کمائے ہیں۔ ہالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ، پروڈیوسر اور بزنس وومن جینیفر آنسٹن 28 ملین ڈالرز کے ساتھ فہرست میں پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔