اسلام آباد ،کراچی(وقائع نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سخت الفاظ میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تم اپنا بیانیہ اپنے پاس رکھو میرا اپنا نظریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھاڑ میں جائے تمہارا بیانیہ، میرا نظریہ نہیں بدلے گا آپ کا بیانیہ بدلتا رہے گا، پڑھیں، سوچیں اور پھر بولیں۔پی پی چیئرمین نے کہا کیا اب زندگی ایک فاشسٹ سکرپٹ ڈرامہ ہے ؟ ایک ایسا ڈرامہ کہ آپ اگر اس سکرپٹ کے مطابق نہیں چلے تو غدار قرار دئیے جائینگے ، فاشزم پھیلانے والوں کو نظرانداز کریں جو ملک کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔دوسری جانب جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ بریفنگ دفتر خارجہ کے بجائے پارلیمنٹ میں دی جائے ، عمران خان پارلیمنٹ کی بالا دستی ماننے کو تیار نہیں، سمجھ نہیں آتی عمران خان پارلیمنٹ سے بھاگتے کیوں ہیں، دفتر خارجہ میں بریفنگ رکھی گئی تاکہ عمران خان کی عدم شرکت کا ایشونہ بنے ۔نیشنل ایکشن پلان پرحکومت پوری پارلیمنٹ کواعتماد میں لے ، عمران خان کی پہلے دن سے یہی سوچ ہے کہ انہیں پارلیمنٹ کی ضرورت نہیں۔ادھر بلاول بھٹو کی زیرصدارت کراچی میں ہونے والے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذوالفقار بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے بلاول26مارچ کو ٹرین کے ذریعے لاڑکانہ روانہ ہونگے ۔پیپلز پارٹی نے اس روانگی کو حکومت مخالف ٹرین مارچ میں تبدیل کردیا ہے اورمارچ کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹرین مارچ کا آغاز کراچی سے اور اختتام سرشاہنواز بھٹو ریلوے سٹیشن پرہوگا۔دوسری جانب بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ بھٹو شہید کی برسی میں شرکت کیلئے چیئرمین بذریعہ ٹرین لاڑکانہ جا ئینگے کیونکہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے اب تک کراچی سے سکھر اور لاڑکانہ کیلئے فلائیٹ آپریشن معطل ہے ۔راستے میں جہاں جہاں ٹرین کے سٹاپ ہیں وہاں پیپلزپارٹی کے جیالے ان کا فقید المثال استقبال کر ینگے ۔