لاہور(شوبز ڈیسک) نامور کامیڈین امانت چن نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں جس طرح کے رجحانات فروغ پا رہے ہیں ہمیں ان کی اصلاح کیلئے جلد سے جلد کام شروع کرنے کی ضرورت ہے ، میں سٹیج کے لئے لکھنے والوں سے بھی درخواست کرتاہوں کہ وہ معاشرے کے سلگتے ہوئے مسائل کو موضوع بنائیں ۔ ایک انٹر ویو میں امانت چن نے کہا کہ آج لوگوں کے وسائل نہیں اورجہیز جیسی لعنت کی وجہ سے ہماری بیٹیوں کے گھر وں میں بیٹھے بیٹھے بال سفید ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں ہر اس شخص سے اپیل کرتا ہوں جس کی آواز سنی جاتی ہے وہ معاشرے کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کرداراداکرے اور مجھے قوی امید ہے کہ یہ عمل ایک تحریک کی صورت اختیار کر سکتاہے ۔