لاہور (پ ر) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے سموگ میں حالیہ اضافے کے باعث سموگ سے بچائو اور آگاہی کیلئے سموگ سے زیادہ متاثرہ علاقے جن میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں جامع اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اور سٹی ٹریفک پولیس کیت عاون سے سکول کے بچوں اور موٹر سائیکل سواروں میں ماسک اور سموگ آگاہی مواد تقسیم کر دیں۔ سکولوں میں اسمبلی کے وقت سموگ سے متعلق آگاہی دی جائے اور ماسک تقسیم کئے جائیں۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے کہا کہ عوام الناس سموگ کے مضر اثرات سے بچائوکیلئے گھر سے نکلتے وقت ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں۔ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔