اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی؍نیوز ایجنسیاں؍ 92 نیوز رپورٹ)الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ارکان کے تقرر کے معاملے پر بالآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے لئے سکندر سلطان راجہ، ممبر سندھ کیلئے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی کے ناموں پر اتفاق ہوگیا۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ڈاکٹر شیریں مزاری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر کے منصب کے لئے سکندر سلطان راجہ ، سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے رکن شاہ محمد جتوئی کے نام پر اتفاق ہو گیا ۔انہوں نے کہا پارلیمان نے جو فیصلہ کیا ہے ، وہ خوش آئند ہے ، اسی روایت کو لے کر آگے چلیں گے ۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا یہ نام فوری وزیر اعظم کو بھیج دیئے جائیں گے ۔ن لیگی رہنما رانا ثنائاللہ نے کہا دونوں جانب سے لچک کا مظاہرہ کیا گیا، اتفاق رائے سے جو فیصلہ ہو جائے ، وہی بہتر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت پہلے اپنے نام تبدیل نہ کرنے پر بضد تھی، جب ناموں میں تبدیلی کی تو چیزیں آسان ہوگئیں۔انہوں نے مزید کہا سلطان راجہ نے ایک طویل عرصہ پنجاب میں ہمارے ساتھ کام کیا۔ راجہ صاحب ایماندار، محنتی اور شائشہ شخصیت کے مالک ہیں، امید ہے نئے چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران ملکر آئندہ انتخابات کو شفاف بنائیں گے ۔سینیٹر مشاہداللہ نے کہا اختلافی نوٹ کے بغیر ناموں پر اتفاق ہوا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا امید ہے تینوں عہدے دار اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کریں گے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمیشن کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا ناموں پر اتفاق رائے خوش آئند ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کا ایک صفحے پر ہونا ضروری ہے ۔سکندر سلطان راجہ کچھ ماہ قبل ہی سیکرٹری ریلوے کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے جبکہ وہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پٹرولیم سیکرٹری اور چیف سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔سکندر سلطان سعید مہدی کے داماد ہیں۔سکندر سلطان کے والد آرمی افسر تھے جبکہ ان کی اہلیہ رباب سکندر پاکستان کسٹمز میں 21 ویں گریڈ کی افسر ہیں۔نثار احمد درانی حیدر آباد سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر اور پاکستان بار کونسل کے ممبر ہیں۔بلوچستان سے کمیشن کے ممبر شاہ محمد جتوئی بھی بلوچستان ہائی کورٹ بار کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ بلوچستان بار کونسل کے ممبر ہیں ۔ادھرنئے چیف الیکشن کمشنر کا اعلان ہوتے ہی قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے بڑے تبادلے کردئیے ۔ذرائع کے مطابق قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے گریڈ 18سے 20کے 7افسروں کو تبدیل کردیا۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کے سٹاف آفیسر نعیم احمد کو کو ضلعی الیکشن کمشنر صوابی ،علیم شہاب کو ریجنل الیکشن کمشنر ملتان،شریف اللہ کو جوائنٹ الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا،ریجنل الیکشن کمشنر ملتان شاہد اقبال کو ڈائریکٹر فنانس اینا لسٹ تعینات کردیا گیا۔