لاہور،لندن(سپورٹس رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) 4مرتبہ برٹش اوپن سکواش جیتنے والے پاکستان کے اعظم خان 95برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئے ۔خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ اعظم خان کا انتقال کرونا وائرس کے باعث ہوا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ایلنگ ہسپتال لندن میں اعظم خان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔اعظم خان کے بیٹے واصل خان کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ نے ہفتے کی شام والد کے انتقال سے آگاہ کیا، ہم سب لندن میں آئسولیشن میں موجود ہیں اور اس خبر نے ہمیں دہلا دیا ہے ۔اعظم خان 1959سے 1962تک مسلسل 4بارسکواش چیمپئن رہے ۔اعظم خان سکواش کے عظیم کھلاڑی ہاشم خان کے چھوٹے بھائی تھے اور انکا اپنا شمار بھی سکواش کے لیجنڈز میں ہوتا تھا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نے وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا اعظم خان پاکستان کا اثاثہ تھے ، ہم انکی فیملی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔