ملک ان دنوں شدید سردی کی زد میں ہے۔ موسم کی اسی شدت کے پیش نظر خیبرپختون خوا حکومت نے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ کراچی کے تعلیمی اداروں میں بھی چھٹیاں بڑھانے کا امکان ہے۔ پنجاب کو سرد ترین لہروں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ مخکمہ موسمیات کے مطابق مزید دوہفتوں میں سردی کی شدت میں کمی کا بظاہر کوئی امکان نہیں۔ پنجاب کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 5جنوری کو ختم ہو رہی ہیں لیکن سردی کی شدید کے پیش نظر سکولوں اور تعلیمی اداروں کو دی جانے والی موسم سرما کی تعطیلات میں کم از کم ایک ہفتہ کا اضافہ کر دیا جائے تاکہ بچوں کو شدت سرد موسم کے مضر اثرات اور بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروی ہے کہ حکومت اگر سکولوں کی تعطیلات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے تو سرکاری سکولوں کے علاوہ تمام نجی سکولوں کو بھی چھٹیاں دینے کا پابند بنایا جائے۔ عموماً نجی سکول مالکان سرکاری چھٹیوں کا اطلاق اپنے تعلیمی اداروں میں نہیں کرتے جس کی وجہ سے بچوں اور ان کے والدین کو بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بچوں کو سرد موسم کے باوجود سکولوں میں حاضر ہونا پڑتا ہے جس سے ان کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔