اسلام آباد، لاہور(سپیشل رپورٹر، سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے تمام صوبوں پرزوردیا ہے کہ وہ کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ہفتہ کو اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا پنجاب کے سکولوں میں کرکٹ کے احیا نوکیلئے باالخصوص سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوششوں کاجائزہ لیتے ہوئے خوشی ہوئی ہے ،پنجاب بھرمیں 870 سکولوں و231 کالج گرائونڈز اور355 کھیلوں کے میدان تیارکئے گئے ہیں۔وزیراعظم نے تمام صوبوں پرزوردیا ہے کہ وہ کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پراپنی توجہ مرکوز کریں ۔ وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے طورپراپنی 3 سالہ مدت میں پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے احسان مانی کی کوششوں کی تعریف کی اوران کاشکریہ اداکیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملک میں پہلی بار علاقائی ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ قائم کرنے اورملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں احسان مانی کے کردار کے معترف ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے سکول کرکٹ کیلئے باالخصوص اورڈومیسٹک کرکٹ کیلئے بالعموم فریم ورک کی منظوری دیتے ہوئے کہاہے کہ سکول کرکٹ ملک میں کرکٹ کے حقیقی ٹیلنٹ کو ابھارنے اور سامنے لانے کی وسیع تراستعداد رکھتی ہے ۔وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ہفتہ کویہاں پاکستان میں ڈومیسٹک باالخصوص سکول کرکٹ کے بارے میں پریزینٹیشن دی گئی۔وزیراعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت چلنے والی تنظیم سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن (سی پی سی اے ) کے ماڈل کی تعریف کی۔وزیراعظم نے سکول کرکٹ کیلئے باالخصوص اورڈومیسٹک کرکٹ کیلئے بالعموم فریم ورک کی منظوری دی اور سی پی سی اے کواس ماڈل کے ریپلیکاکو ملک بھرمیں مکمل طورپرنافذ کرنے کی رائے دی۔وزیراعظم نے 15 ستمبر سے وسطی پنجاب میں سکول کرکٹ چمپئین شپ کے آغاز کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔