وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ اگر کورونا کے حوالے سے حالات بہتر ہو گئے تو 15اگست سے صوبہ بھر کے سکول کھول دینگے لیکن سکولوں کو فوراً ہی ساری کلاسز شروع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی بلکہ کلاسز کا آغاز مرحلہ وارکیا جائے گا اور ایک وقت میں ایک کلاس میں 20بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔15اگست سے صوبہ کے سکول کھولنے کا فیصلہ یقینا دانشمندانہ ہے تاہم اس سے پہلے کورونا میں کمی کا ہونا بھی ضروری ہے‘ اس سلسلہ میں جلد بازی نہیں کی جانی چاہیے ‘ یہ حقیقت بھی پیش نظر رکھنا ہو گی کہ کورونا کے باعث سکولوں کی بندش سے بچوں کا بہت زیادہ تعلیمی ہرج ہو چکا ہے اور آن لائن کلاسوں کے ذریعے مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں ہو سکے۔ اس پس منظر میں سکولوں میں کلاسوں کا پھر سے آغاز ضروری ہے لیکن اس سے پہلے سکولوں میں کورونا سے حفاظت کے انتظامات کا بھی اچھی طرح سے جائزہ لینا ضروری ہے۔بچے تو پھربچے ہی ہوتے ہیں‘ انہیں احتیاط اور اپنے تحفظ کا اتنا احساس نہیں ہوتا لہٰذا یہ سکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کلاسوں کے اجراء سے پہلے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائے اور والدین کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کو سکولوں میں بھیجنے سے پہلے اپنے طور پر تمام حفاظتی امور کا خیال رکھیں۔