لاہور(بابر علی) ایل ڈی اے کی جانب سے شہر کی سڑکوں پر وسیع پیمانے پر پیچ ورک کرنے کے پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔ شہر کی سڑکوں کو چار زونز میں تقسیم کر کے 32 کروڑ روپے کی لاگت سے پیچ ورک کے پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے کی جانب سے پیچ ورک کے پلان پر عمل درآمد کے لئے شہر کو چار زونز میں تقسیم کیا تھا، ہر زون پر 8 کروڑ روپے کے فنڈز خرچ کیے جائیں گے ۔ شمالی زون میں جی ٹی روڈ اور ملحقہ علاقے ، تاجپورہ سکیم، مغل پورہ، گڑھی شاہو، گجر پورہ ، چائنہ سکیم، برکی روڈ، ایجرٹن روڈ، ایمپرس روڈ، کشمیر روڈ، ڈیوس روڈ، سندر داس روڈ، ایبٹ روڈ، نکلسن روڈ، میکلورڈ روڈ، سرکلر روڈ اور آؤٹر سرکلر روڈ شامل ہیں ۔ وسطی زون میں مال روڈ اور ملحقہ لنک روڈز، اپر مال سکیم، گلبرگ، شادمان، شاہ جمال، جیل روڈ اور ملحقہ لنک روڈ، نیو گارڈن ٹاؤن، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن اور فیص ٹاؤن شامل ہیں۔ مشرقی زون میں مسلم ٹاؤن، اچھرہ، مزنگ، سمن آباد، گلشن راوی، وحدت روڈ اور ملحقہ لنک روڈز، علامہ اقبال ٹاؤن، سبزہ زار سکیم، ملتان روڈ اور ملحقہ لنک روڈز، مصطفی ٹاؤن اور ساندہ شامل ہیں۔ جنوبی زون میں جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، خیابان جناح، خیابان فردوسی اور ملحقہ لنک روڈز، جنوبی بائی پاس، کالج روڈ، ڈیفنس روڈ، کاہنا کاچھا، کچا جیل روڈ اور رائیونڈ روڈ شامل ہیں۔ اس میں مد ابتدائی طور پر کنسٹرکشن فرمز کی پری کوالیفکیشن ہوگی، 24 جولائی تک پری کوالیفکیشن کی درخواستیں وصول کر کے اس بعد پری کوالیفائی ہونے والی فرمز کو ٹینڈر میں حصہ لینے کی دعوت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ چیف انجینئر ایل ڈی اے نے منصوبہ شروع کرنے کا نوٹ جون کے آغاز میں ڈی جی ایل ڈی اے کو پیش کیا۔