پاکپتن ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکپتن میں انڈیا اور امریکہ سے 70 رکنی سکھ یاتریوں کے وفد نے برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ اور سکھوں کے روحانی پیشوا حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒکے مزار پر حاضری دی اور انہوں نے بہشتی دروازے بابا فرید کے تبرکات کی زیارت کی اور انہوں بہشتی دروازے پر اپنی خصوصی عبادت بھی کیں ،دربار کے مختلف حصے دیکھے اور قوالوں سے بابا فرید کے لکھے ہوئے صوفیانہ کلام بھی سنے اور خوب محظوظ ہوتے رہے ،وفد میں مردوں سمیت خواتین اور بچے بھی شامل تھے کچھ سکھوں نے دربار پر حاضری کے یادگار لمحات کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ بھی کیا ۔آنے والے سکھوں کے وفد کی محکمہ اوقاف کی طرف سے وفد کا مزار پر استقبال کیا، مزار بابا فرید کا روایتی تبرک پھولوں کی چادر کیساتھ دستار بندی بھی کی۔ اس موقع پر سکھوں نے کہا کہ دربار پر آکر من کو بہت سکون ملا ہے جو دل میں تمنائیں لیکر آئے ہیں وہ ضرور پوری ہوں گی یہ ہمارے روحانی پیشوا ہیں۔