لاہور،سکھر(نمائندہ خصوصی سے ،بیورو رپورٹ) امسال بھی دریائے سندھ کے جزیرے پرواقع ہندؤوں کی قدیم وسب سے بڑی تیرتھ آستانہ سادھوبیلہ میں بابا بنکھنڈی مہاراج سالانہ 156ویں تین روزہ میلے کی تقریبات اپنے اختتام کو پہنچیں۔ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ہندویاتریوں نے سادھوبیلہ میں پہنچ کرپوجاپاٹ کی اوردعامانگی۔میلے کے موقع پرہندوپنچائت سکھراورانکی ذیلی تنظیموں نے بیرون شہرسے آنیوالے یاتریوں کیلیے قیام،طعام،کنارے سے دریا کے بیج مندرتک پہنچانے کیلیے کشتیوں کے خصوصی انتظام کیے تھے ۔ایک درجن سے زائدمختلف اشیاکے سٹال لگائے گئے جہاں پرعقیدت مندوں کی بڑی تعدادنے اپنی پسندیدہ اشیاء کی خریداری کی۔ترجمان بورڈ عامر حسین ہاشمی کے مطابق آخری روز تقریبات میں ملک بھر سے خصوصی طور پر صوبہ سندھ سے ہزاروں ہندو مذہب کے پیروکاروں اور مختلف مذاہب اور مکاتب فکر سے وابستہ سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل شرائنز سید فراز عباس بھی تقریب میں موجود تھے ۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق وزیر نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہندو برادری کی تمام مذہبی عباد ت گاہوں کی دیکھ بھال اور حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ سیکرٹری بورڈنے چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی طرف سے مہمانوں کو خصوصی تحائف بھی پیش کیے ۔