لاہور ،اسلام آباد، ڈسکہ (کامرس رپورٹر،خبرنگار ،92 نیوزرپورٹ) این اے 75ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کا دنگل آج سجے گا جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،حکومتی امیدوار علی اسجد ملہی ،(ن) لیگ کی خاتون امیدوارنوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ،حلقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کرلئے گئے ، پولیس ،رینجرزاورفوج کے جوان الرٹ کر دئیے گئے ،دفعہ 144نافذ کر دی گئی ،چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی الیکشن کی خودمانیٹرنگ کافیصلہ کرلیا،چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ اسلام آبادسے لاہورپہنچ گئے ،الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنرصوبائی الیکشن آفس سے ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کرینگے ۔ (ن) لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر تمام مرکزی شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے مطالبہ کردیا، نوشین افتخار نے مطالبہ کیاکہ مخالف امیدوار نے 100سے زائد پولنگ سٹیشنز پر بوگس ووٹ ڈالنے کا منصوبہ بنایاہے ۔خط پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ انہیں جن پولنگ سٹیشنز کے بارے میں تحفظات ہیں وہاں پرمصدقہ ثبوت کے ساتھ نشاندہی کی جائے ۔ دوسری طرف پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے کہا کہ آج پھر تحریک انصاف کی فتح ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کو مانیٹر کرنے کیلئے 10 مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔اس سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں کا اہم اجلاس ہوا، صوبائی الیکشن کمشنر نے مانیٹرنگ ٹیموں کو اہم ہدایات جاری کیں۔ الیکشن کمشنرپنجاب نے سیالکوٹ میں اہم اجلاس کیا ، کمشنرگوجرانوالہ اورڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا ،ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی نے ن کی امیدوار نوشین افتخار کی حمایت کا اعلان کیا ، قمر زمان کائرہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ن لیگ کو ووٹ دینے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔