اسلام آباد،لاہور(خبر نگار،نامہ نگار ،نامہ نگار خصوصی ) سپریم کورٹ میں احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک سے متعلق ویڈیو سکینڈل کے بارے میںدائر آئینیدرخواستوں کی سماعت آج ہوگی۔چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمر عطاء بندیال پر مشتمل 3رکنی بینچ درخواست گزار اشتیاق احمد مرزا کی آئینی درخواست پر سماعت کر یگاجبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جا ئینگے ۔ دریں اثنا سپریم کورٹ نے اس بارے میں سہیل اختر اور طارق اسد کی طرف سے دائر آئینی درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کرد یں جن کی سماعت اشتیاق احمد مرزا کی آئینی درخواست کے ساتھ کی جا ئیگی۔ دوسری جانب جج ارشد ملک نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کر دیا اور وزارت قانون سے سکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے وزارت قانون کو خط بھیجا جس میں درخواست کی ہے کہ پہلے سے دی گئی سکیورٹی واپس نہ لی جائے انہوں نے کہا کہ مجھے اور میرے خاندان کو جان کا خطرہ ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق جج ارشد ملک نے وزارت قانون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر درخواست دی۔ علاوہ ازیں سول سوسائٹی نے بھی چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کو ازخودنوٹس لینے کی درخواست دے دی ہے ۔