اسلام آباد ( آن لائن ) حکومت نے ملک بھر میں نوجوانوں کی ترقی کی مربوط کوششوں کو یقینی بنانے کیلئے خیبر پختونخوا کی حکومت کے انصاف روزگار سکیم جس میں مالی اعانت درکار ہو گی کو وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام میں شامل کر دیا ۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ عثمان ڈار کی زیر صدارت اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔یہ اجلاس یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم کے نفاذ کا جائزہ لینے کیلئے منعقد ہوا جو وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے زیر سایہ حکومت کا اہم فلیگ شپ اقدام ہے ۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کے پی حکومت کے تمام مالیاتی منصوبوں کو کامیاب جوان ویب پورٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نافذالعمل بنایاجائے گا۔مزید برآں بینک آف خیبر کے ذریعے با صلاحیت کاروباری نوجوانوں میں کاروباری قرضوں کی تقسیم کیلئے وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کی یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے تحت نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور بینک آف خیبر کے قائم مقام صدر بھی شریک تھے ۔